کلیان :13/مئی (ایس اونیوز /آئی این ایس انڈیا) عموماً چھوٹے بچوں کو کپڑے کے اندر کوئی چیز چھپاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے؛لیکن مہاراشٹر کے کلیان میں ایک عجب معاملہ سامنے آیا ہے اور یہ ہو بھی کیوں نہیں؛کیوں کہ مجرم عادی اپنی عادتوں سے مجبور تھا۔ اطلاعات کے مطابق یہاں ایک بی جے پی کونسلر رام چندانی فائل کی چوری کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔ بی جے پی کونسلر پی ڈبلیو ڈی آفس پہنچا تھا اپنے کپڑے کے اندر فائل چھپانے کی کرتوت سی سی ٹی وی کیمرے میں قید ہو گئی۔غور طلب ہے کہ 46 سال کے پردیپ رام چندانی الاس نگر سے بی جے پی کونسلر ہیں۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہے ویڈیو میں دکھائی دے رہا ہے کہ کونسلر ایک فائل کو موڑ کر اپنی قمیص کے اندر رکھ رہا ہے۔ یہ فائل پی ڈبلیو ڈی کے انجینئر کے کیبن میں رکھی تھی۔ بتایا جا رہا ہے کہ کونسلر بغیر کسی اجازت کے خاموشی سے انجینئر کے کیبن میں گھس گیا اور فائل چرا لی۔حکام نے بتایا کہ کونسلر کا بیٹا ٹھیکیداری کرتا ہے اور اس وقت 14 کروڑ کے تین پروجیکٹ پر کام کر رہا ہے۔ یہ فائل ان ہی پروجیکٹ سے منسلک تھی۔ علاقے سے دوسری بار کے کونسلر رام چندانی کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔پولیس نے بتایا کہ کونسلر کے بیٹے روہت اور اس کی ماں مایا کے نام پر فرم ہے۔ محکمہ کو اس واقعہ کے بعد کئی اور فائل چوری ہونے کا شک کونسلر پر ہی ہے۔ کمشنر گنیش پاٹل نے اس معاملے میں محکمہ جاتی تحقیقات کا حکم دیا ہے کہ بغیر اجازت کے رام چندانی انجینئر کے کیبن میں کیسے پہنچا، اسے باہر کیوں نہیں روکا گیا۔